اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر پانی بجلی خواجہ آصف کو واپڈا کی جانب سے داسو پاور پراجیکٹ سمیت دیگر پن بجلی منصوبوں کے حوالے سے اسلام آباد میں بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ اووربلنگ کی تین بنیادی وجوہات سامنے آئی ہیں۔ آئندہ ماہ سے بجلی کے بل معمول کے مطابق ہوں گے۔
خواجہ آصف نے میڈیا کو بتایا کہ تربیلا فور 2016 تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ تربیلا فائیو پر بھی کام شروع ہو گیا ہے۔ بھاشا ڈیم کی زمین کی خریداری کے لئیے 25 ارب روپے واپڈا اور گلگت بلتستان حکومت کے پاس موجود ہیں، بجلی کا سرکلرڈیٹ 300 سے 400 ارب روپے ہو چکا ہے۔
وزارت خزانہ نے آئی پی پیز کو ادائیگیوں کیلئے 15 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ داسو پاور پراجیکٹ کیلئے ابتدائی فنڈنگ مل چکی ہے اور کام بھی شروع ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند سالوں تک بجلی بحران کا مکمل حل تو ممکن نہیں تاہم لوڈشیڈنگ میں کمی ضرور آئے گی۔