اسلام آباد (یس ڈیسک) پشاور روانگی سے قبل چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پشاور جا رہا ہوں جہاں چہلم کے دوران شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور جس طرح ممکن ہو ان کی دادرسی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ افتخار محمد چودھری کیخلاف قانونی جنگ لڑوں گا اور ہتک عزت دعوے کی پیروی کروں گا۔
بہرحال میرے پاس بیس ارب روپے تو نہیں ہیں لیکن میں ارسلان افتخار سے پیسے لے لوں گا کیونکہ اس نے بہت مال بنایا ہے۔ انھوں نے پٹرول بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی قیادت پٹرول بحران پر کافی متحریک ہے۔
ن لیگ کی حکومت زرداری حکومت سے بھی نااہل ثابت ہوئی ہے۔ سب خرابی صرف میرٹ کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہے کیونکہ ن لیگ کی حکومت میں صرف شریف برادران کا درباری ہی اوپر آ سکتا ہے۔ پٹرول بحران کی سازش اگر ہوئی تو ن لیگ کے اندر سے ہی ہوئی ہے۔ جب تک ملک میں میرٹ کا نظام نہیں آئے گا یہ مصنوعی جمہوریت ملک کو لوٹتی رہے گی اور تھوڑے سے خاندان مزید امیر ہوتے رہیں گے۔
انھوں نے جوڈیشل کمیشن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور نہ کیا ملک بند کر دیں گے بلکہ ن لیگ نے پٹرول بحران سے خود ہی ملک بند کر دیا۔ ہم نے تمام شرائط مان لی ہیں، دھرنا ختم کر دیا۔
فوجی عدالتوں کو تسلیم کر لیا اب حکومت کو خیال کرنا چاہئے جوڈیشل کمیشن بنائے تاکہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی جا سکیں اگر سڑکوں پر دوبارہ آگئے تو حکومت چلنا ممکن نہیں رہے گی۔