لفٹ میں سوار تمام 13 افراد جاں بحق ہوگئے، ڈولی لفٹ میں 10 سواریوں کی گنجائش ہوتی ہے اور زبردستی اوور لوڈنگ کی گئی:ڈولی لفٹ مالک
مری: گلیات میں ڈولی لفٹ گرنے کے واقعہ میں آخری زخمی دم توڑ گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی، لفٹ مالک اور دو آپریٹرز کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں بنواڑی میں تین روز قبل ڈولی لفٹ گرنے کے واقعہ کا آخری زخمی بھی ہسپتال میں چل بسا، لفٹ میں سوار تمام 13 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، دوسری جانب پولیس نے گرفتار لفٹ مالک اور دو آپریٹرز کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا، لفٹ مالک کا کہنا تھا کہ ڈولی لفٹ میں 10 سواریوں کی گنجائش ہوتی ہے اور زبردستی اوور لوڈنگ کی گئی، لفٹ جب درمیان میں گئی تو کھائی میں گرگئی، ملزم کا مزید کہنا تھا کہ ہر تیسرے روز ڈولی لفٹ کو چیک کرتے تھے، کسی نے نٹ ڈھیلے کیے جس کی وجہ سے حادثہ ہوا۔