لاہور (یس ڈیسک) لاہور میں آخری مرتبہ ہارس اینڈ کیٹل شو 2004ء میں منعقد ہوا تھا جس کے بعد متعدد وجوہات کی بناء پر اِس کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا اور یہ وقفہ گیارہ سالوں پر محیط ہو گیا۔ اس دوران اہل وطن ایک خوب صورت تفریح سے محروم رہے لیکن اب انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئی ہیں اور گیارہ سالوں کے وقفے کے بعد یہ شو جمعرات سے شروع ہو رہا ہے جس کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
شو کی تقریبات کا آغاز فورٹریس سٹیڈیم میں ایک تقریب سے ہوگا جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین ہوں گے۔ شو کے دوران متعدد نمائشیں بھی منعقد ہوں گی اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوگا جبکہ شہری متعدد دیگر تفریحات سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ چار روز تک جاری رہنے والے شو کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں جس دوران دس ہزار پولیس اہلکار حفاظتی فرائض انجام دیں گے۔