لالہ موسیٰ: جہلم سے لاہور جانے والی ریلی میں نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا۔
Elite Force’s car in Nawaz Sharif’s caravan crushed a 12-year-old boy
وزیراعظم کے منصب سے نااہل ہونے والے نوازشریف کی ریلی اب گجرات پہنچ چکی ہے اور ان کے قافلے میں شامل درجنوں گاڑیوں نے اپنے قائد کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ لالہ موسی کے قریب نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے ایک 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بچے کی ہلاکت واقع ہوگئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 12 سالہ حامد سڑک کنارے کھڑا تھا کہ نوازشریف کے اسکواڈ میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے اسے ٹکر مار دی اور برق رفتاری سے آگے کی جانب نکل گئی جب کہ قافلے میں شامل کسی بھی گاڑی یا اہلکار نے بچے کو اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو قریبی اسپتال پہنچایا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے واقعے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ریلی پاکستان بچانے کی ریلی ہے اور پاکستان کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ یہ بچہ بھی پاکستان کے لیے قربان ہوا ہے۔ اللہ اس کے درجات بلند کرے۔