الریاض (وقار نسیم وامق) سفارت خانہ پاکستان ریاض میں پاکستانی خواتین نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی مدد کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی مہتمم اور نگرانِ اعلیٰ بیگم سفیرِ پاکستان محترمہ نگہت منظور تھیں، نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کیپٹن ( ر ) حماد عابد اور ان کی اہلیہ محترمہ عائشہ حماد نے خوش اسلوبی سے سرانجام دئیے. قاری نعمت اللہ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے تقریب کی ابتداء کی جبکہ ہدیہء نعتِ رسولِ کریم ﷺ محترمہ عظمیٰ نے پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم سفیرِ پاکستان محترمہ نگہت منظور نے ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونیوالے ہم وطنوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں کسی بھی آفتِ سماوی یا کسی بھی حادثے پر بیرون ملک پاکستانی کسی بھی طور پر اپنے بہن بھائیوں کو بےیار و مددگار نہیں چهوڑ سکتے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم سفیرِ پاکستان نے متاثرہ پاکستانیوں کی بحالی و معاونت کے لئے مدد کی درخواست کی اور کہا کہ اس طرح جمع کی گئی رقوم ان تک پہنچا دی جائیں گی جبکہ مذکورہ رقم کا ایک حصہ ایدهی ویلفیئر فاؤنڈیشن کو بھی بھیجا جائے گا۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان محترم منظور الحق نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاضرین سے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی درخواست کی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سمندر پار پاکستانی اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انکی ہر ممکن امداد کریں گے. تقریب میں ڈاکٹر منصور میمن اور انکی اہلیہ ڈاکٹر ارم قلبانی، ڈاکٹر اسداللہ رومی اور انکی اہلیہ لبنیٰ صدیقی نے بھی نظامت میں معاونت کے فرائض سرانجام دئیے. تقریب میں گلوکاروں نے جذبہء حب الوطنی سے سرشار ملی نغمے بھی پیش کئے، تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔