اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق نے وزار ت د اخلہ کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ضلعی انتظامیہ نے تحریک لبیک یارسول اللہ کے عہدیداروں کو آ خری وارننگ لیٹر جاری کر دیا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق نے وزار ت د اخلہ کو صورتحال سے آگاہ کیا، پولیس اور ایف سی نے ممکنہ آ پریشن کے لئے پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ دھر نا کے شرکا بھی الرٹ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے حکم پر ڈپٹی کمشنر نے دھرنے کی قیادت کو مجموعی طور پر تین نوٹس جاری کئے، آخری وارننگ نوٹس رات گئے پہنچا دیا گیا وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کی گئی کہ اگر طاقت کے زور سے دھرنا ختم کروانا ہے تو پولیس تیار ہے تاہم ابتدائی طورپر وارننگ نوٹس جاری کئے گئے جو دھرنا کی قیادت کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی تک بھی پہنچا دیئے گئے ہیں۔ فیض آباد میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے ضلعی انتظامیہ نے ایف سی کو بھی طلب کر لیا، تحریک لبیک یارسول اللہ کے ترجمان علامہ عبداللطیف قادری نے کہا کہ فیض آباد انٹر چینج خالی کرنے کے سلسلے میں کوئی نوٹس نہیں ملا، انہوں نے کہا کہ شرکا کے حوصلے بلند ہیں اور اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔