اسلام آباد: دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کے 50 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد اور کراچی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیاگیا۔
1965 ء کی معرکہ خیز جنگ میں فوجی جوانوں نےدشمن کے دانت کھٹے کردیے تھے۔ آج ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔
اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ شہداءسے اظہار عقیدت کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔یوم دفاع اور شہدائے پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ ملک بھر میں یوم دفاع کی تقریبات ہوں گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 7 بج کر 30منٹ پر نیول ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریب ہوگی ۔9 بج کر 29 منٹ پر قوم 1965 ءکی جنگ کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرے گی۔ ساڑھے نو بجے قومی ترانہ پیش کیا جائے گا۔دن ساڑھے 11 بجے سے ایک بجے تک اسلام آبادکے فاطمہ جناح پارک میں پاک فضائیہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کرے گی
اس میں ایف سولہ، جے ایف 17 تھنڈر، قراقرم ایٹ کےعلاوہ ہیلی کاپٹرزبھی شریک ہوں گےجبکہ پیراشوٹرزبھی حصہ لیں گے ۔ یہ مظاہرہ دیکھنے کیلئے فاطمہ جناح پارک کے مہران اور بولان گیٹس کھلے رکھے جائیں گے۔ یوم دفاع اور شہدائے پاکستان کی سب سے بڑی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہو گی۔
جس میں اعلیٰ سول اور فوجی قیادت کےعلاوہ شہدا کےعزیزواقارب بھی شریک ہوں گے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف رات 8بجے تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔