ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ اگر دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب ان کی نسلیں یاد رکھیں گی، پاک فضائیہ ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیےہر دم تیار ہے۔
ائیر چیف مارشل سہیل امان نے فارورڈ ایئر بیس پر دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہم ہر طرح کے چیلنج کے لیے تیار ہیں ،قوم کو دُشمن کے بیانات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،پی اے ایف کے لیےکوئی بھی صورتحال مشکل نہیں ، ہماری آپریشنل تیاریوں کے آگے یہ معمول کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جانب سے کوئی ایڈونچر کا سوچا گیا تو اس کی غلط فہمی ہو گی، پوری طاقت سے جواب ملے گا جو ہمارے ریاست کی دفاعی پالیسی بھی ہے۔
انہوں نے میڈیا کے سوالات کا تفصیلی جواب د یتے ہوئے کہا کہ قوم کو اعتماد ہونا چاہئے کہ پاک فضائیہ ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہے۔پاک فضائیہ بہترین ایئر فورس ہے،ضرب عضب کے مشن ہوں یا رد الفساد، پاک فضائیہ کا بھر پور کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 کی پیداوار تین گنا بڑھ چکی ہے،جے ایف 17 قوم کا فخر ہے،اس منصوبے کی اہم بات خود کفیل ہونا ہے۔