لاہور: چیف جسٹس ہائیکورٹ نے خواتین پر تشدد کے خلاف مقدمات کی سماعت کے لیے پہلی خصوصی عدالت قائم کردی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی جانب سے پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں تاریخی اقدامات جاری ہیں۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ کی جانب سے اپنے مالی اثاثوں کو منظر عام پر لانے اور زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے پنجاب بھر کے اضلاع میں نئے مصالحتی سینٹرز قائم کیے جاچکے ہیں۔ سید منصور علی شاہ نے نیا اقدام کرتے ہوئے اب خواتین پر تشدد کے حوالے سے خصوصی عدالت بھی قائم کر دی ہے۔ چیف جسٹس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مظلوم خواتین نے جسٹس منصور علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے جب کہ خواتین وکلا نے چیف جسٹس منصور علی شاہ کے اقدام کو بڑی تبدیلی قرار دیا ہے۔ خواتین وکلاء کا کہنا ہے کہ خواتین کے کیسز کے لیے الگ عدالت بننے سے خواتین کو جلد انصاف ملے گا۔