ایتھیوپیا: کیا آپ یقین کریں گے کہ ایتھیوپیا کا ایک نوجوان اپنے دونوں ہاتھوں پر چلنے کا اتنا عادی ہے کہ وہ اس طرح بآسانی طویل فاصلہ طے کرسکتا ہے اور اسے کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔
32 سالہ دیرار ابوہے اپنے پیروں کے مقابلے میں ہاتھوں پر چلنے کا زیادہ شوق رکھتے ہیں اب وہ ہاتھوں پر چلتے ہوئے سیڑھیاں چڑھتے ہیں اور رکاوٹوں کو عبور کرسکتے ہیں۔
شمالی ایتھیوپیا کے شہر تگرے میں رہنے والے دیرار نے بتایا کہ وہ لڑکپن سے ہی اپنے ہاتھوں پر چلنے کے عادی ہیں۔ وہ چینی اور امریکی فلمیں دیکھتے ہوئے جوان ہوئے ہیں جس میں وہ لوگوں کو ہاتھوں پر چلتا دیکھ کر حیران رہ جاتے تھے۔ تاہم انہیں معلوم نہیں تھا کہ فلموں میں سب ایڈیٹنگ اور کیمرے کا کھیل ہوتا ہے۔ دیرار نے اپنی پسندیدہ فلموں کے ایکشن خود کرنے کی کوشش کی لیکن سب سے زیادہ مہارت انہوں نے دونوں ہاتھوں پر چلنے میں حاصل کی اور مشق سے اسے مزید بہتر بنالیا۔
اب وہ تین گھنٹے صبح اور تین گھنٹے شام کو پریکٹس کرتے ہیں کیونکہ وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوانا چاہتے ہیں۔ وہ ہاتھوں سے پہاڑوں پر چڑھ سکتے ہیں اور ہاتھوں پر کھڑے کھڑے ایک کار کو بھی دھکیل سکتے ہیں۔ یہاں تک وہ لوگوں کو اپنی پیٹھ پر سوار کرکے ہاتھوں پر چل سکتے ہیں۔
دیرار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہورہی ہے جسے دیکھنے کے بعد لوگوں نے ملا جلا ردِعمل دیا ہے تاہم لوگوں نے اس کی مہارت کو بہت سراہا ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر آپ بھی دیرار کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکیں گے۔