برسلز : یورپ میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پانچ فروری بروزجمعہ دن گیارہ بجے بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں پلس لسمبرگ کے مقام پر یورپی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیاجائے گا اور ایک کیمپ لگایاجائے گا۔ مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے اس پروگرام کا اہتمام کشمیرکونسل ای یو کررہی ہے۔
کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ کشمیریوں سے ہمدردی رکھنے والے تمام لوگوں کو اس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں کالے قوانین نافذ کررکھے ہیں جن کے ذریعے بھارتی سیکورٹی فورسز کسی بھی شخص کو بغیروجہ بتائے قید کرسکتی ہیں اور تشدد کا نشانہ بناسکتی ہیں۔ آج کشمیری عوام بھارتی فوج کے ہاتھوںظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو ان واقعات اور مظالم کا نوٹس لیناہوگا۔
ہم یورپ میں اس طرح کے پرامن مظاہروں اور تقریبات کے ذریعے دنیاکی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کروارہے ہیں تاکہ عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے اور مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے راہ ہموار ہو سکے۔