لاہور: یورپ کی سیاحت کو بہت مہنگا تصور کیا جاتا ہے مگر حقیقت میں یہ سیاحت کم سے کم پیسوں میں بہت آسانی سے کی جا سکتی ہے۔
سیاحت سے بہت سے لوگوں کا لگائو ہوتا ہے۔ کبھی مصروفیت تو کبھی اخراجات اس سیاحت کے آڑے آ جاتے ہیں۔ اگر یورپ کی سیاحت کی بات کی جائے تو عمومی طور پر اسے بہت مہنگا تصور کیا جاتا ہے لیکن اگر تھوڑی سمجھداری سے کام لیا جائے تو محدود بجٹ کے اندر رہتے ہوئے یورپ کی سیر کی جا سکتی ہے۔ درج ذیل چھ طریقے یورپ کے سفر کے دوران آپ کو ہزاروں ڈالر بچانے میں مدد دے سکتے ہیں۔
یوریل پاس حاصل کریں
یورپ کے اندر سفر کے لیے ٹرین کا سفر بہترین ہے۔ یورپ میں شامل تمام ممالک ٹرین کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ یورپ کے اندر ٹرین کے سفر کے لیے اَن لمیٹڈ یوریل پاس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ اَن لمیٹڈ یو ریل پاس نہ صرف آپ کو کافی پیسے بچانے میں مدد دے گا بلکہ آپ بار بار ٹکٹ لینے کے جھنجھٹ سے بھی بچ جائیں گے۔ ہر ٹرین میں فری وائی فائی کی سہولت بھی ہوتی ہے۔
خالی پانی کی بوتل ہمیشہ اپنے پاس رکھیں
یورپ میں سفر کے دوران اپنے ساتھ ایک خالی پانی کی بوتل لازمی رکھیں۔ جب بھی آپ کو پیاس لگے آپ عوامی جگہات پر موجود پانی کے ذخائر سے اس بوتل میں پانی بھر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ پانی کی مَد میں صَرف ہونے والی ایک بڑی رقم بچا سکتے ہیں۔
میٹرو کا لامحدود کارڈ خریدیں
یورپ کے ہر شہر میں عوام کے سفر کے لیے میٹرو کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ ٹیکسی کی بجائے میٹرو پر سفر کریں۔ میٹرو پر سفر کرنے کے لیے بار بار ٹکٹ نہ خریدیں بلکہ ایک ہی بار اَن لمیٹڈ میٹرو کارڈ خرید لیں جو تین دن یا ایک ہفتے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اندرونِ شہر سفر کے لیے فلِکس بسوں کا انتخاب کریں
اندرونِ شہر سفر کے لیے فلِکس بسوں کا انتخاب کریں۔ یہ بسیں رات میں سفر کرتی ہیں اور صبح سویرے دوسرے شہر پہنچا دیتی ہیں۔ یہ بسیں آرام دہ اور کشادہ ہیں اور ان کے کرائے بھی بہت کم ہیں۔
ٹیکسی پر سفر نہ کریں
یورپ میں سفر کے دوران کبھی بھی لوکل ٹیکسی کا استعمال نہ کریں۔ لوکل ٹیکسی زیادہ مہنگی ہوتی ہے۔ لوکل ٹیکسی کی بجائے میٹرو کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگر ٹیکسی استعمال کرنی بھی ہو تو اُوبر ٹیکسی کا استعمال کریں۔ یورپ کے جس ملک میں اُوبر کی سہولت موجود ہو وہاں اسے ضرور استعمال کریں۔
ہوٹل میں قیام نہ کریں
اگر آپ تعطیلات پر ہیں اور آپ کی تعطیلات کا مقصد کسی ملک کی سیاحت کرنا ہے تو ہوٹل میں قیام آپ کے لیے غیر ضروری بھی ہے اور مہنگا بھی۔ اپنے قیام کے لیے شہر میں موجود سستے ہاسٹلز کا انتخاب کریں۔ اس کے علاوہ سفر کے دوران کئی دوست بھی بنائے جا سکتے ہیں اور ان کے گھر میں مفت قیام کیا جا سکتا ہے۔