ملتان(ویب ڈیسک) کپتان کے کھلاڑی بھی حب الوطنی کے جذبے سے سرشار نکلے ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ظہیرالدین علیزئی نے وزیراعظم و چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ کے لیے ایسا اعلان کر دیا جسکی مثال پاکستانی سیاستدانوں اور ارکان اسمبلی میں نہیں ملتی ۔ تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی ظہیرالدین علیزئی نے وزیراعظم اور چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ کے لیے بطور ممبر اسمبلی پورے پانچ سال کی تنخواہ دینے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ نئے ڈیموں کی تعمیروقت کی ضرورت ہے،ڈیموں کی تعمیر میں تاخیرسے پاکستان کے بنجر ہونے کا خطرہ ہے۔ ظہیرالدین علیزئی کا کہنا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر میں ملک و قوم کا مستقبل وابستہ ہے مگر دیگر اہم قومی امور کی مانند ماضی میں اقتدار کی باریاں لگا کر ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے حکمرانوں نے ملک کے مستقبل کے اہم سنگ میل ڈیمز کے حوالے سے بھی مجرمانہ غفلت اور سرد مہری کا مظاہرہ کیا۔ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ آبی ماہرین نے جس اندیشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر ملک میں ڈیم نہ بنے تو 2025ء تک پاکستان کو شدید قحط سالی کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم و چیف جسٹس پاکستان کی ڈیم فنڈ ریزنگ مہم میں اپنی اسمبلی کی پانچ سالہ پوری تنخواہ وقف کرتے ہوئے ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کرتے ہیں اور اسکے علاوہ بھی ڈیم کی تعمیر کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے۔سیاسی و سماجی حلقوں نے ظہیر الدین علیزئی کے اس جذبے کی تعریف کی ہے ۔