ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کے عوام برابر ہیں اور ہرجگہ کی سیکورٹی ہمارے لیے برابر اہمیت رکھتی ہے۔
پارا چنار میں میڈیا سے گفتگو کی کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ پاراچنارکے لیے سیف سٹی پراجیکٹ پرکام شروع کردیاگیا ہے اور شہر کو محفوظ بنانے کے لیے پاک فوج کے دستے یہاں پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج افغان سرحد سمیت ملک بھر میں قیام امن کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی فرقے سے بالاتر صرف پاکستانی اور مسلمان ہیں۔ آصف غفور نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے کیلئے مل کرکوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل وہ آج آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے ہمراہ پارہ چنار پہنچے جہاں وہ قبائلی عمائدین اور دھماکوں کے خلاف دھرنا دینے والوں سے ملاقات بھی کریں گے۔