معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز کے بیوٹی پارلر پر حملے اور سیکورٹی گارڈ پر تشدد کے نتیجے میں نیب افسر کو مقدمہ درج ہونے کے بعد نوکری سے معطل کر دیا گیا
کراچی (یس اُردو) کراچی میں غریب سیکیورٹی گارڈ پر تھپڑوں کی برسات کرنے والے نیب افسر کے گرد قانون کا شکنجہ سخت ہو گیا ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کراچی اوصاف تالپور کو معطل کر دیا گیا ، مقدمہ بھی درج ہو گیا ۔
نیب افسر کو بدمعاشی کرنے پر منہ کی کھانا پڑی ، کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اوصاف علی کے خلاف قانون کا شکنجہ سخت ، مقدمہ درج ہونے کے بعد نوکری سے معطل کر دیا گیا ۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں معروف اداکارہ شگفتہ اعجاز کے بیوٹی پارلر میں بیوی کی شکایت پر نیب افسر آپے سے باہر ہو گیا تھا ، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیب افسر اوصاف تالپور سرکاری گاڑیوں اور اہلکاروں کے ساتھ آیا اور پارلر کے باہر موجود غریب گارڈ پر تھپڑوں کی بارش کر دی اور اندر جا گھسے ۔ اس دوران اوصاف تالپور کی بیوی بھی گرجتی برستی رہی ۔پارلر میں ہنگامہ آرائی کے بعد نیب افسر اور ان کی اہلیہ نے توڑ پھوڑ بھی کی جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ میڈیا پر ویڈیو نشر ہونے پر قانون بھی حرکت میں آیا اور آپے سے باہر ہونے والے اوصاف تالپور کو جرم ثابت ہونے پر معطل کر دیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا