واشنگٹن:پنٹاگون کے سابق عہدے دار نے انکشاف کیا ہے کہ خلائی مخلوق زمین پر پہنچ چکی ہے اور امریکا کے پاس اس بات کے واضح ثبوت ہیں۔
سی این این کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر پنٹاگون کے سابق عہدے دار لوئس ایلی زونڈو نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ اس بات کے واضح ثبوت موجود ہیں کہ خلائی مخلوق زمین پر پہنچ چکی ہے، مجھے ذاتی طور پر یقین ہے کہ ہم اس زمین پر تنہا نہیں رہے۔
لوئس نے خلائی مخلوق کو تلاش کرنے والے ایک ریسرچ پروگرام ’’ ایڈوانسڈ ایوی ایشن تھریٹ آئی ڈینٹی فکیشن پروگرام‘‘ کی قیادت کی ہے جسے 22 ملین ڈالر کے فنڈ سے قائم کیا گیا تھا، یہ پروگرام 5 برس قبل 2012ء میں بند کردیا گیا، اس دوران انہیں متعدد رپورٹس پڑھنے کا موقع ملا جس کے مطابق یہ ثابت ہوچکا تھا کہ خلائی مخلوق متعدد بار اس زمین کا دورہ کرچکی ہے، اس میں امریکن نیوی کے طیارے سپر ہارنیٹ فائٹر کے دو پائلٹس کا بیان بھی شامل تھا جنہوں نے اپنی تربیت کے دوران انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے ایک ایسا طیارہ دیکھا جس کی رفتار ناقابل یقین تھی۔لوئس ایلی زونڈو نے بتایا کہ انہوں نے اس پروگرام کو انتہائی خفیہ رکھنے، اس کے فنڈ روکنے اور کچھ داخلی مزاحمت کی وجہ سے وزارت دفاع سے رواں سال اکتوبر میں استعفی دے دیا ہے، انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ یہ بات حکومتی نمائندگی میں نہیں بلکہ ذاتی طور پر کہتا ہوں کہ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ خلائی مخلوق کا ایئرکرافٹ زمین کا دورہ کرچکا ہے، جسے دیکھا جاچکا ہے، ہم اسے ایئرکرافٹ ہی کہیں گے کیوں کہ ایسی خصوصیات کا حامل طیارہ نہ تو امریکا کے پاس ہے اور نہ ہی زمین پر موجود کسی اور ملک کے پاس موجود ہے۔پنٹاگون کے سابق عہدے دار نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد یہ تھا کہ خلائی مخلوق کے معاملے میں جو کچھ دیکھا گیا؟ یا عینی شاہدین کی رپورٹس حاصل ہوئیں ، اس کا تعین کیا جائے کہ یہ معاملہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ تو نہیں؟ ہم نے ایک ایسے غیر معمولی ایئرکرافٹ کو شناخت کیا ہے جو فضائی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا۔