سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ نواز شریف کے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، آج20،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں شریف اشرافیہ کی لوٹ مار کی مزید معلومات سامنے آئیں گی اور یہ لوگ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ان کامزید کہنا تھا کہ نواز حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے، حکمران خود کمیشن کھانے میں لگے ہوئے ہیں، ملک غریب اور شریف خاندان اور ان کے چیلے امیر ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسی ترقی ہے کہ لاہور کے اسپتالوں میں مریضوں کو دوائی اور جگہ نہیں ملتی، غریب رُل گئے ہیں، خادم اعلی کی نام نہاد گڈ گورننس کا پول کھل گیاہے۔زرداری نے بتایا کہ ہم نے نواز شریف کے تینوں ادوارمیں جوانمردی سے انتقامی کارروائیوں کا مقابلہ کیا، ہم عدالتوں سے سرخرو ہوئے، شریف خاندان اختلافات کا ڈراما رچاکر کر احتساب سے بچنا چاہتاہےجبکہ عوام ان کی چالوں سے بخوبی آگاہ ہیںاور وہ دھوکے میں نہیں آئیں گے۔
سابق صدر نے کہا کہ شریف خاندان وی آئی پی احتساب پرچیخیں ماررہاہے تاکہ عوام کو دھوکہ دیا جاسکے، نیب ملک بھر میں احتساب کا یکساں پیمانہ اپنائے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گزشتہ 4سالوں میں افراتفری، نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایا، اپوزیشن کو سب سے زیادہ نقصان عمران نے پہنچایا اور عمران کی سولوفلائٹ کا سب سے زیادہ فائدہ نواز شریف کو ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی دیکھ لی ہے، عمران خان سیاسی بصیرت سے عاری ہیں، عمران کی سیاست ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہےاور عوام اب نواز شریف اور عمران خان کی منفی سیاست کو رد کردیں گے۔