اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کے بعد گفتگو میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ یمن کی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی کے حوالے سے سب یک زبان ہیں۔ جو پارلیمنٹ میں فیصلہ ہوا وہی پاکستان کا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دکھ سکھ کے ساتھی ہیں۔
سعودی عرب نے ہر مُشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستانی عوام کے دل سعودی عوام کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ سعودی عرب مشکل گھڑی کا ساتھی ہے، کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کے معاملے پر سلامتی کونسل کی قرارداد کی حمایت کرتے ہیں۔ یمن کی حکومت کو بحال ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں واضع طور پر کہا ہے کہ یمن کی حکومت کو غیر قانونی طور پر ہٹایا گیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ابھی تک پی ٹی آئی نے کوئی نئی بات نہیں کی، جس دن نئی بات کریں گے پھر جواب دیا جائے گا۔