صوبائی وزیرتعلیم جام مہتاب ڈہر نے کہا ہے کہ سرکاری عمارت کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، سول سوسائٹی ،ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور میڈیا کی وجہ سے اسکول بچانے میں کامیاب رہے ۔ قومی ورثہ قرار دی گئی عمارت میں بنے اسکول پر لینڈ مافیا نے پولیس کی ملی بھگت سے بلڈوزر چلادئیے۔
گرائے گئے اسکول کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولیس کا سارے عمل میں منفی کردار رہا ،اس کی سرکاری پراپرٹی کے تحفظ کے معاملے خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف ایسی کارروائی کریں گے کہ آئندہ کوئی ایسا سوچے گا بھی نہیں، اسکول گرانے میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دلوائیں گے۔ جام مہتاب ڈہر نے کہا کہ ہیر یٹیج والے آئیں گے اور وہ یہاں چیزیں محفوظ کریں گے۔انہوں نے اسکول پرنسپل کے کردار کو سراہا ۔ ادھراسکول کے دورے کے دوران سیکریٹری تعلیم عبدالعزیز عقیلی نے اسکول کو اصل حالت میں بحال کرانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دیوار فوری طور پر مکمل کرانے کی ہدایت کر دی ہے، متاثرہ بچوں کو اسکول دوبارہ فعال ہونے تک ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکول گرانے میں لینڈ مافیا کے 3لوگ ملوث ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر میں ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچانے جیسی سخت دفعات شامل کی گئی ہیں۔