آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اورآزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی لہر بدستور برقرار ہے، کئی مقامات پربرفباری کے باعث بند ہونے والی رابطہ سڑکیں ابھی تک بند ہیں، شمالی بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد موسم سرد ہے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور مالاکنڈ ڈویژن سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں خون جمادینےوالی سردی کا راج برقرار ہے، سوات میں کالام کے علاقہ مٹلتان، اتروڑ اور گبرال کی سڑکیں بند ہو نے سے اشیاء خوردو نوش اور ادویات کی کمی سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، شمالی بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسم سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گاجبکہ گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔