نئی دہلی: بھارت میں ڈاکٹروں نے مریض کے پیٹ سے کم از کم ایک کلو وزنی مختلف لوہے کی اشیاء نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیا پردیش میں 32 سالہ محمد مقصود کوپیٹ کی تکلیف کے باعث سنجے گاندھی میڈیکل کالج اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مریض کے پیٹ کا ایکسرے اورضروری ٹیسٹ کرنے کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر پرنک شرما کی سرپرستی میں 6 رکنی ٹیم نے آپریشن کیا تو وہ پیٹ میں لوہے کی اشیا دیکھ کردنگ رہ گئے۔ ڈاکٹرز نے پیٹ سے 263 سکے، شیونگ بلیڈ، دھاتی زنجیر، کیل اور شیشے کے چھوٹے ٹکڑے نکال لیے جس کا مجموعی وزن ایک کلو گرام بتایا جاتا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریض کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں اور لوگوں سے چھپ چھپ کر لوہے کی اشیا نگل جاتا تھاجب کہ آپریشن کے بعد مریض کی حالت بہتر ہے۔