لاہور: یوں تو پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور کئی بار بھارت کو پر امن رہنے کا پیغام دے چکا ہے اور ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا ہے کہ اگر بھارت کوئی بھی جارحانہ کاروائی کرنے کا سوچے گا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔اس تمام صورتحال میں پاکستانی عوام بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاک فوج سے سوشل میڈیا پر ہر شخص اپنی محبت کا اظہار کر رہا ہے۔ اسی حوالے سے ایک نجی ریسٹورانٹ نے پاک فوج کے جوانوں کے لیے اہم اعلان کیا ہےجس کے تحت پاک فوج کے جوانوں کا مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔ ریسٹورانٹ کی طرف سے یہ اعلان پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کےلیے کیا گیا تاکہ فوج کے حوصلے مزید بلند ہوں۔ پاک فوج کے جوان اپنا آفیشل آئی ڈی کارڈ دکھا کرریسٹورانٹ کی جانب سے دی گئی پیشکش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی کئی ریسٹورانٹس نے پاک فوج سے اظہار محبت کے لیے انہیں اپنے ریسٹورانٹ سے مفت دعوت کی پیشکش کی ہے۔ اس سے کے علاوہ اسلام آباد میں دونوں بازؤوں سے معذور گداگر نے پاک فوج سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایک ماہ کی کمائی پاک فوج کے نام کر دی۔ اُردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے معذور گداگر عمر حیات کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان میں جارحیت کی کوشش کر کے اچھا نہیں کیا، اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہم ضرور لڑیں گے۔ ہم پاکستان کی خاطر جان بھی دینے کو تیار ہیں۔ عمر حیات کا کہنا تھاکہ بے شک میرے دونوں ہاتھ نہیں ہیں لیکن میں پھر بھی اپنے ملک کی خاطر لڑنے کو تیار ہوں۔ جب بھارت نے جہاز بھیجا اور پاک فوجنے بھارتی جہاز مار گرایا تب میرے دل میں مزید جذبہ پیدا ہو گیا کہ اب ہمیں لڑنا ہے۔