فیڈرل چیمبر آف کامرس کی جانب سے وزیر داخلہ سے مسئلے کے فوری حل کیلئے درخواست دائر کر دی گئی
کراچی : اسلام آباد سے خام مال کے کنٹینرز روکے جانے سے برآمدات متاثر ہو رہی ہے ، فیڈرل چیمبر آف کامرس نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے درخواست کی ہے مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔ فیڈرل چیمبر آف کامرس کے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے کنٹینرز اور مال بردار گاڑیاں روکے جانے سے کئی فیکٹریوں میں خام مال کی ترسیل کا عمل متاثر ہو رہا ہے جس کے باعث مارکیٹ میں کنزیومر گڈز اور برآمدی اشیاء کی پیداوار کا عمل متاثر ہو رہا ہے ۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی خالد تواب کے مطابق اس وقت ملکی برآمدات میں ویسے ہی مسلسل کمی ہو رہی ہے ، جبکہ خام مال کی بروقت فراہمی نا ہونے سے برآمدی آرڈر کے منسوخ ہونے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ خالد تواب نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے گذارش کی ہے کہ معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں فوری طور چھوڑ دی جائیں ۔