واشنگٹن: امریکی حکومت نے ایران کے خلاف ان اقتصادی پابندیوں کی نرمی میں توسیع کردی ہے جو 2015 میں جوہری پروگرام پرطے پانے والے سمجھوتے کے بعد کی گئی تھی۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق 2015 میں ایران اور6 عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں امریکا نے اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی تھی۔ موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں عوام سے اس معاہدے کو منسوخ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب ٹرمپ انتظامیہ نے اس وعدے سے منحرف ہوکر معاہدے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پابندیوں میں نرمی جاری رکھنے کے باعث کوئی بھی امریکی کمپنی ایران کے ساتھ تجارتی معاہدے کرسکتی ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کی توسیع کا فیصلہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کے انتخابی وعدے کے باوجود فی الحال اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ نے یہ اعلان ایسے وقت کیا ہے جب ایران میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ میں صرف ایک ہی دن رہ گیا ہے۔