راولپنڈی……پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کردی ۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا ، مقررہ وقت پر ملازمت سے ریٹائر ہوجاؤں گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیادہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ میں مدت ملازمت میں توسیع پر یقین نہیں رکھتا، پاکستان آرمی ایک عظیم ادارہ ہے، پاکستان کاقومی مفادعظیم ترہے اور ہر چیز سے مقدم ہےجس کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے بیان میں کہا کہ سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، آرمی چیف نے مزید کہا کہ قومی مفاد کو ہر صورت میں مقدم رکھوں گا ،دہشت گردی کے خاتمے کا سلسلہ بھرپور عزم سے جاری رہے گا ۔