راولپنڈی (جیوڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتوں کا پوری طرح مقابلہ کیا جائے گا جب کہ بیرونی قوتیں دہشت گردوں کی مدد کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ کا دورہ کیا جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ، گورنر محمد خان اچکزئی اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ سے ملاقاتیں کیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے گزشتہ دنوں تربت میں مزدوروں کے ظالمانہ قتل کی مذمت کی جب کہ جنرل راحیل شریف نے صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک دشمن قوتوں کا پوری طرح مقابلہ کیا جائے گا،بیرونی قوتیں اور بین الاقوامی ایجنسیاں دہشت گردوں کی مدد کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن اور خوشحالی کے لیے بلوچ عوام کے ساتھ ہیں، دہشت گردوں کے مددگاروں کو منہ کی کھانا پڑے گی،ریاستی رٹ کی بحالی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے جب کہ دہشت گردوں ان کے ہمدردوں اور ان کے معاونین کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔