اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، باہمی مفادات کے لیے دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا،
پاکستان اور ایران کو امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک ساتھ کام کرنا ہوگا۔ ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، خطے میں امن کے لیے پاکستان کو شراکت دار سمجھتا ہے، ایران کی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش مند ہے۔ بدھ کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے ملاقات کی۔ ادھر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور تر کی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیںاور دونوں برادر اسلامی ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسر ے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے پاکستان میں تعینات سفیر مصطفٰی یرداکول سے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ ہم آہنگی کے فروغ اور دونوں اقوام کومزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے کے تمام ممالک کے عوام برابر مستفید ہونگے جس سے غربت اور بے روزگاری پر قابو پایا جا سکے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ترکی کو سی پیک کے منصوبوں میں شریک ہونے کی پیشکش کی۔