counter easy hit

فیس بک فرینڈز ریکوسٹس

Facebook

Facebook

تحریر: صباء عیشل، فیصل آباد
ہم اپنے بچپن سے ہی سنتے چلے آرہے ہیں کہ ناموں کا شخصیت پر گہرا اثر ہوتا ہے۔اور یہ بھی کہ ناموں کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرنا چاہیئے۔ پچھلے کچھ عرصے سے ہم سوشل میڈیا پر کچھ نام دیکھ کر حیران و پریشان ہیں(یوں سمجھ لیں پریشانی میں غوطے کھا رہے ہیں)۔ فیس بک پر یونیک نام رکھنے کا فیشن (بیماری) کچھ زیادہ ہی عام ہوگیا ہے۔ ایسے ایسے ناموں سے ریکوسٹ آتی ہیں کہ بندہ کا سر ایک بار تو چکرا ہی جاتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے کی بات ہے (میری طبیعت ان دنوں ناساز تھی) کہ مجھے حکیم دولے شاہ کے نام سے فرینڈ ریکوسٹ آئی اور پرفائل تصویر پر ایک( حلوائی ٹائپ) انکل براجمان تھے۔

ہماری طبیعت ناسازی نے ہمیں بڑا زور لگایا مگر ہم مان کر ہی نہ دیئے اور آخر کار دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر ہم نے ان کی فرینڈ ریکوسٹ ڈیلیٹ کردی۔ (دراصل ہم اعتراض انکی تصویر پر نہیں بلکہ ان کے (دولے شاہ) ہونے پر تھا۔) گزشتہ برس جولائی کے اواخر ایام تھے اور اگست کا آغاز ہونے کو تھا۔ ہم زور و شور سے وطن عزیز کے حشن کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ قائد سے بھلا کس کو محبت نہیں ہے؟( ہم بھی گوڈے گوڈے ان کے عشق میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ) آپ یقین کریں جب ہمیں پتہ چلا کہ یہ محبت دو طرفہ ہے تو ہمارا روم روم سرشار ہوگیا۔ اب آپ سوال اٹھائینگے کہ جناب ہم کیسے یقین کریں کی قائد کو آپ سے محبت تھی؟ تو دیکھئے محترم جب تک ہم کسی کو اچھے نہ لگیں کوئی ہمیں فرینڈ ریکوسٹ بھیجنے کی گستاخی کیسے کرسکتا ہے؟ جی بالکل ہمیں قائداعظم کے نام سے بھی فرینڈ ریکوسٹ آئی جو ہم نے نہ چاہتے ہوئے بھی ایکسپٹ نا کی کہ مبادا مروت میں ہی ماریں جائیں۔

لیکن صاحب بات یہیں ختم نہ ہوئی کچھ دن بعد ہی محترمہ فاطمہ جناح کی فرینڈ ریکوسٹ آگئی ہم بڑے حیران ہوئے کہ ان کو کیسے پتہ چلا ہم نے ان کے بھائی کو اگنور کردیا تھا۔(سچ کہیں تو ڈر بھی بہت لگا کہ کہیں ہمیں۔۔۔۔۔ ) خیر ہم بھی کونسا کم تھے چپکے سے جاکر بلاک کر آئے کہ آئندہ کبھی ڈانٹ کھانے کا کوئی امکان نہ ہو۔فلمی اداکاروں ‘سنگرز اور معروف کرکٹر کی ریکوسٹ آنا تو ہمارے لئے اب معمول کی بات بن گئی ہے۔ (لیکن ہم ان میں سے کسی کو دوست بنانا اپنی شان کے خلاف سمجھتے ہیں۔)فواد خان ‘سلمان خان’ودیا بالن ‘اور تو اور عمران ہاشمی تک ہمیں اپنا دوست بنانا چاہتے ہیں۔

Friends Request

Friends Request

(اب بندہ عمران ہاشمی سے پوچھے کہ ہم نے آپکو اپنا دوست بناکر ناک کٹوانی ہے کیا؟) پچھلے ہفتے کی بات ہے کہ ہمیں کالی چڑیل کی فرینڈ ریکوسٹ آئی(ہائے میرا دل کانپ اٹھا) محترمہ کالے نام اور سفید سوٹ کے ساتھ پورا ہفتہ ہمارے فیس بک کے دوستی کی درخواست والے خانے میں براجمان رہیں اور ایک بار تو ڈی پی بھی چینج کی مگر سوٹ پھر بھی سفید ہی پہنا۔(اب سمجھ آئی ہمارا رنگ دیکھ کر عاشق ہوئی ہونگی)لیکن ہم بھی کالی چڑیل کو دوست بنانا شان کے خلاف سمجھتے تھے سو نہیں بنایا۔اب پچھلے دو دن سے ہماری جان سولی پر اٹکی ہے۔( کالی چڑیل بدلہ لینے ضرور آتی ہے یہ خیال ہماری دل و دماغ کی دنیا تہہ وبالا کئے ہوئے ہے۔فیس گروپ پر کچھ نام دیکھ کر تو ہمیں اپنی کیمسٹری کی کلاس تک یاد آگئی ایک سوشل گروپ میں سلفیورک ایسڈ اور سوڈیم کلورائیڈ کا نام دیکھ کو ہماری تو حیرت سے آنکھیں پھیل گئیں اور منہ کھل گیا۔

لیں جناب اتنا ہی نہیں ہم تو رانجھے کی ہیر اور ہیر کے رانجھا کے بھی منظوم نظر ٹہرے مگر بس ہمیں ابھی اتنی جلدی اس دنیا سے جانا گوارہ نہیں اسلئے ہم مرحومین کی فرینڈ ریکوسٹ آنے پر ہمیشہ بائیں ہاتھ والے آپشن کو اختیار کرتے ہیں۔ہماری ایک دوست کے مطابق انکو بھنڈر اور پپن علی کے نام سے فرینڈ ریکوسٹ آئیں ہم نے اپنی دانست کے مطابق انکو سمجھایا کہ بھنڈر تو اصل میں کھنڈر ہوگا مگر غلطی سے بھنڈر لکھ لیا گیا۔ (جو اب فیس بک کی پالیسی کے مطابق دو ماہ بعد ہی تبدیل ہوگا۔) اور پپن علی تو یقیناً چچا چھکن کے چھوٹے بھائی ہی ہونگے۔ بھاگ بھری کا نام دیکھ کر تو ہماری سمجھ فوراً سمجھ گئی کہ یہ محترمہ یقیناً کوئی بھری(گندم کی کٹائی کے بعد اسے اکٹھا کرکے گٹھر بنایا جایا ہے اسے کہتے ہیں۔) لیکر بھاگی ہونگی جس کے بعد انکا نام بھاگ بھری مشہور ہوگیا۔ کالی کلوٹی کے نام کو دیکھ کر تو ہم بیہوش ہوتے ہوتے بچے اور محترمہ کی ہمت کو دل میں ہی دادو تحسین کے ٹوکروں سے نوازا۔(واہ کیا دیدہ دلیری سے خود کو تسلیم کیا)۔ اور تو اور فیس بک کے ایک فورم پر “سسی ننگے پاؤں” بھی اکثر دیکھنے کو ملتی ہیں۔

Name

Name

اب جانے ان کے پنوں کہاں ہیں جن کے غم میں وہ ننگے پاؤں ہی اپنا غم غلط کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ فورم کے ایک ممبر نے تو انکو جوتا تک لے کر دینے کی پیشکش کردی مگر وہ بضد کے مجھے ننگے پاؤں ہی رہنا ہے۔ یہ تو صرف ناموں کا احوال تھا ہمارے ساتھ توکئی بار ایسا ہوا کہ لڑکی کو ایڈ کیا اور وہ بعد میں لڑکا بن گیا۔ اور ہم گنگ رہ جاتے کہ ہم نے ان صاحب کو کب اور کیسے اپنے دوستوں کی فہرست میں شامل کیا۔ ہمیں چلتے چلتے بگڑی شہزادی یاد آگئی ہیں(ایک تو بگڑی اوپر سے شہزادی) اب جانے شہزادی کے نام کے پیچھے شہزادہ تھا یا۔۔ہماری ایک دوست کے مطابق ایک دن وہ شدید ڈپریشن کا شکار تھیں اچانک انکا دل میں خیال آیا کیوں نہ کسی عامل بابا سے رجوع کیا بس سوچنے کی دیر تھی کے انکو” کالاجوگی” کی فرینڈ ریکوسٹ آگئی۔

(بسوں میں اچانک پمفلٹ گرتے تو دیکھے تھے محبوب آپ کے قدموں میں’ ایک رات میں دشمن سے نجات لیکن ایسا کمال کیا بات ہے کالے جوگی کی۔ ) وہ ایک علیحدہ بات ہے کہ ہماری دوست کے مطابق انہوں نے اتنے “پہنچے”ہوئے “جوگی” کی دوست بننے کیلئے خود کو کسی بھی طرح اہل نہ سمجھا اور ہماری طرح فرینڈ ریکوسٹ والا خانہ کھولنے کے بعد بائیں جانب والا آپشن منتخب کرکے اپنی سوچ کو قبولیت کی سنند بھی دیدی۔یہ تو بات تھی فرینڈ ریکوسٹس کی ہم تو ایک اور بات پر بھی بڑے حیران ہوتے ہیں

Depression

Depression

فیس بک پر ہر دوسرے نام کے ساتھ پرنس’ پرنسز’ شہزادی’ بلکہ ہمیں یاد آیا کہ ایک پرستان کی ملکہ بھی ہماری نظروں سے کئی بار گذری ہیں(سننے میں آیا ہے یہ سب حقیقت میں صغریٰ ‘ کبریٰ’ اصغری ‘اکبری’ نجمہ’شاہدہ ‘ شیدا’ فیکا’بوٹا اور خیلا ہوتے ہیں) ویسے ان سارے حالات و واقعات کو دیکھ کر ہم شدید ترین ڈپریشن کے مریض بنتے جارہے ہیں۔ یقین جانئیے رات کو سوتے اور دن کو جاگنے لگے ہیں۔ پہلے تو ہم ایک آدھ کھا کر بھی سیر ہوتے تھے لیکن ان دنو دس بارہ بھی ہمیں سیر نہیں کر پاتیں۔(گھر والے مزید دینے سے انکاری ہوجاتے ہیں ورنہ۔۔۔ ) فیس بک کے نام تو دن بدن ترقی کرتے رہینگے لیکن ہمیں امید ہے ہمارا مضمون پڑھنے کے بعد ایسے شاہکار نام رکھنے والے احباب کسی کو بھی فرینڈ ریکوسٹ بھیجنے ایک بار ہمیں دل میں “دادو تحسین ” کے ٹوکروں سے ضرور نوازیں گے۔

تحریر: صباء عیشل، فیصل آباد