حیدر آباد: لطیف آباد میں رینجرز نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کرکے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنادی۔
یس نیوز کے مطابق حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد یونٹ 11 میں واقع امانی شاہ قبرستان کے قریب تعینات رینجرز اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوار میں مشکوک شخص کو رکنے کی ہدایت کی، اس دوران اس نے فائرنگ کی اور کریکر حملہ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی، رینجرز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشکوک شخص کو ہلاک کردیا۔
واقعے کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے دہشت گرد کے جسم میں موجود جیکٹ میں رکھا بارودی مواد ناکارہ بنادیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان میں شاہ نورانی کے مزار کے احاطے میں بھی خودکش دھماکا کیا گیا تھا جس میں 48 افراد جاںبحق ہوگئے تھے۔