باراتیوں میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ، برتن ٹوٹ گئے ، شور شرابا ، دلہن کا دلہا کے ساتھ جانے سے انکار
فیصل آباد (یس اُردو) فیصل آباد میں باراتی اور دلہن کے رشتہ داروں میں لڑائی ہوگئی ۔ شادی والا گھر میدان جنگ بن گیا ۔ دلہن نے دلہا کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ۔فیصل آباد کے علاقے چمن زار میں خوشیاں کا پیغام لیے دلہا افضل پوری سج دھج کے ساتھ بارات لے کر پہنچا ۔ نکاح ہوا اور پھر کھانا پیش کیا گیا ۔ اس دوران ایک باراتی کے کپڑوں پر اچانک سالن گرگیا ۔ تلخ کلامی کے بعد تو تکار اور پھر شور شرابا مچ گیا ۔بعض رشتے داروں نے صلح صفائی کی کوشش کی تاہم کسی کی نہ چلے ، پھر صرف ہاتھ ہی چلے اور پنڈال میدان جنگ بن گیا ۔ بکھرا کھانا ، ٹوٹے برتن ، پنڈال میں مچنے والی دھما چوکڑی کی داستان سنا رہے تھے ۔صورتحال پر افسردہ چہرہ لیے دلہا کا کہنا تھا کہ اسے گرنے سے چوٹ لگی ، اسے کسی نہیں مارا ۔ دلہن کا کہنا ہے کہ دلہا والے اس کے گھر پر ہونے والا نقصان پورا کریں ۔ جھگڑے کے بعد دلہن نے دلہا کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ۔ برتن توڑنے والے باراتی بھی چھومنتر ہوگئے جبکہ بیچارہ دلہا دلہن کو ساتھ لے جانے کیلئے بے تاب رہا ، بالاخر طویل انتظار بعد لڑکی کے گھر والوں نے پنچائیت کے فیصلے پر خاموشی سے دلہن کو دلہے کے ساتھ رخصت کر ہی دیا ۔