سعید انور کے بیٹنگ سٹائل سے بہت زیادہ متاثر ہوں، میدان میں پہنچ کر اپنے قدرتی انداز سے بیٹنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں: اوپننگ بلے باز
کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کیخلاف سنچری بنا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین فخر زمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستانی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن رکھنے میں اپنا اہم کردار نبھاتے رہیں گے اور انہیں سدا اس بات پر فخر رہے گا کہ انہوں نے ایک گلوبل ایونٹ جیتنے میں اپنا حصہ ڈالا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا وہ سابق پاکستانی بیٹسمین سعید انور کے بیٹنگ سٹائل سے بہت زیادہ متاثر ہیں لیکن ان کی کوشش ہوتی ہے کہ میدان میں پہنچ کر اپنے قدرتی انداز سے بیٹنگ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی میں جس انداز سے کھیلے وہ ان کا فطری انداز نہیں لیکن وہ وقت اور حالات کے پیش نظر خود کو ایڈجسٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے تسلیم کیا کہ بھارت کیخلاف فائنل میں اننگز کے آغاز میں ہی وکٹ گنوانے پر انہیں بہت زیادہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن جب امپائر نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ان کے دل میں ایک ہی بات تھی کہ اگر بیٹنگ جاری رکھنے کا موقع مل گیا تو اس سنہری موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور جسپریت بمرا کی نوبال نے انہیں یہ چانس دے دیا۔