پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی جائے تاکہ پتہ چلے یہ کس کی آلہ کار ہے :دانیال عزیز
لاہور (یس اُردو) این اے ایک سو بائیس میں جھوٹے حلف نامے جمع کرانے کا معاملہ ، علیم خان کے وکیل کہتے ہیں الیکشن کمیشن کو معاملے کی سماعت کا اختیار ہی نہیں ہے ۔ ن لیگ کے دانیال عزیز کہتے ہیں پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کی جائے تاکہ پتہ چلے یہ کس کی آلہ کار ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی صدارت میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے علیم خان کی جانب سے جھوٹے حلف نامے جمع کروانے کے خلاف ایاز صادق کی درخواست پر سماعت کی ۔ علیم خان کے وکیل نے وکالت نامہ جمع کروایا ۔ اپنے ابتدائی دلائل میں علیم خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ این اے 122 میں جمع کرائے گئے حلف نامے علیم خان نے نہیں ووٹرز نے جمع کرائے ۔ الیکشن کمیشن کے پاس مقدمہ سننے کا اختیار نہیں ہے ، ہم نے فیصلے کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کر رکھا ہے ۔ علیم خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ حلف نامے جھوٹے ہیں یا درست الیکشن ٹریبونل اوتھ کمشنر سے تصدیق کروا سکتا ہے ۔ پی ٹی آئی اے کے علیم خان کے خلاف الیکشن کمیشن نے درخواست کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی ۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ جعلی حلف نامے جمع کرانے کے بعد اب تحریک انصاف والے الیکشن کمیشن سے بھاگ رہے ہیں ۔ عمران خان مرد بنیں اور قوم کو جواب دیں کہ 35 پنکچرز کہاں ہیں ۔ خواجہ آصف کے الفاظ عمران خان کے کانوں میں گونجنے چاہئیں ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کاکیس نہیں سنا جا رہا ، الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے مابین ٹیبل ٹینس چل رہا ہے ، ایک انوکھے لاڈلے کے لئے سارے ادارے مفلوج ہوگئے ہیں ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے طوفان بدتمیزی کی وجہ سے کوئی جج تحقیقات کے لئے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کی جائے تاکہ پتہ چلے پی ٹی آئی کس کی آلہ کار ہے ۔