لاہور: عظیم اداکاردلیپ کمار (یوسف خان) کی اہلیہ ماضی کی معروف اداکارہ سائرہ بانو اپنے خاوند کی موت کے حوالے سے سوشل میڈیا پرآنے والی غلط اوربے بنیاد خبروں کا جواب دیتے دیتے تنگ پڑنے لگیں۔
سوشل میڈیا پر ’’وائرس‘‘ سے بھی تیز پھیلنے والی من گھڑت خبروں کے بارے میں جونہی دنیا بھر میں بسنے والے دلیپ کمار کے پرستاروں کو پتہ چلتا ہے تووہ پھردن دیکھتے ہیں نا رات، بس فون کال کرکے اپنے پسندیدہ فنکارکی خیریت جاننے کے لیے رابطے کرنے لگتے ہیں، جس کا جواب دیتے ہوئے اب سائرہ بانو چڑچڑی ہونے لگی ہیں۔ وہ اکثررانگ نمبر کہہ کرفون بند کردیتی ہیں یا پھرجھاڑپلا دیتی ہیں۔ دوسری جانب رات گئے فون کی گھنٹی بجنے سے اکثردلیپ کماربھی جاگ جاتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سائرہ بانو توگزشتہ کئی برس سے اس صورتحال سے گزررہی ہیں لیکن رات گئے اورصبح سویرے آنے والی فون کالز سننے اورپوچھے جانے والے سوال سے بہت پریشان ہوتی ہیں اورپھرخود بھی کافی دیر تک سونہیں پاتیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ دلیپ کمار کی بڑھتی عمر کے باعث ان کی صحت اکثرخراب رہتی ہے ۔