ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس ) ضلعی حکومت کی طرف سے منعقدہ فیملی فیسٹول کے دوران بد انتظامی 4 بچوں کی ماں کی جان لے گیا ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال جانے والا راستہ بند ہو نے کی وجہ سے بروقت ہسپتال نہ پہنچنے پر خاتون راستے میں ہی دم توڑ گئی ،ورثاء کے فیسٹول انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج ،ورثاء اور ڈی ایس پی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ،ورثاء کا ذمہ دران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آفیسرز سپورٹس کلب میں جاری تین روزہ فیملی فیسٹول کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال کو جانے والے راستوں کو مختلف رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہسپتال جانے والے مریضوں اور رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ،اہل علاقہ نے متعد د بار ضلعی انتظامیہ کی توجہ اسجانب مبذول کروائی مگر ان کے کانوں پر جوں کی توں تک نہ رینگی ، پروگرام کے آخری روز دوران پروگرام ننکا نہ صاحب کے رہائشی شیخ فخر کی 55 سالہ بیوی اور چار بیٹیوں کی ماں روبینہ بی بی کو طبیعت خراب ہو نے کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال ننکانہ صاحب لے جا نے کی کوش کی گئی تو فیسٹول کی وجہ سے انہیں ہسپتال جانے کی اجازت نہ دی گئی اور انہیں پولیس نے کافی دیر تک ناکے پر روکے رکھا اور ورثاء کے ساتھ بد تمیزی بھی کی جس کے باعث روبینہ بی بی ہسپتال پہنچنے سے قبل زندگی کی بازی ہار گئی ،جس کے بعد روبینہ بی بی کے ورثاء نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال کے باہر ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ،اسی دوران موقع پر آنے والے ڈی ایس پی شفقت رشید اور ورثاء کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ،ورثاء نے الزام لگایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث ان کی خاتون کا انتقال ہوا ہے انہوں نے ذمہ دران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے