بھارت سے تعلق رکھنے والے اس خاندان کا موقف ہے کہ ان کی بیٹی کو اس کے سسرال والوں نے زہر دے کر مار ڈالا تھا۔ پولیس کو شکایت کی گئی لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
ہریانہ: (یس اُردو) بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر جیند کا ایک خاندان انصاف کی آس لے کر اپنی بیٹی کی لاش کو لے کر گلی گلی گھوم رہا ہے۔ لواحقین کا الزام ہے کہ ان کی بیٹی کو سسرال والوں نے زہر دے کر مار ڈالا، لیکن پولیس کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ یہ خاندان اس خاتون کی لاش کو ایک فریزر میں لے کر گھوم رہا ہے اور لوگوں کو بتا رہا ہے کہ بیٹی پیدا مت کرنا، نہیں تو یہی حال ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق شہر جیند کے گھاسو گاؤں کی رہنے والی ایک لڑکی کی شادی 6 سال پہلے اوچانا کے رہنے والے سچن سے ہوئی لیکن شادی کے بعد سے ہی اسے پریشان کیا جانے لگا۔ اہلخانہ کا الزام ہے کہ لڑکی کے سسرال والوں نے پہلے اس کو زہر دیا اور پھر ریلوے لائن پر مرنے کے لئے چھوڑ دیا۔ لڑکی کے اہل خانہ کو جب اطلاع ملی تو وہ اسے فوری طور پر ہسپتال لے گئے لیکن اسے بچایا نہیں جا سکا۔ اہلخانہ نے معاملے کی پولیس میں شکایت کی لیکن وہاں بھی ان کی نہیں سنی گئی جس کے بعد مجبور ہو کر اہل خانہ کو یہ راستہ اختیار کرنا پڑا۔