نیویارک (ویب ڈیسک) 39سالہ امریکی اداکارہ و گلوکارہ جیسکا سمپسن اوائل عمری سے ہی منشیات کی لت میں مبتلا ہو گئی تھی۔ اب اس نے اپنی اس لت کے متعلق ایک دردناک انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق جیسکا سمپسن نے ’اوپن بک‘ کے نام سے اپنی آپ بیتی لکھی ہے
جس میں اس نے انکشاف کیا ہے کہ اسے بچپن میں ہی جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ منشیات کی لت میں پڑ گئی۔ وہ اپنے ساتھ ہونے والے اس سلوک کے باعث شدید ذہنی تناﺅ اور ڈپریشن کا شکار رہتی تھی اور پھر اس نے شراب اور دیگر نشہ آور چیزوں میں جائے پناہ ڈھونڈ لی۔ کتاب میں اداکارہ نے بتایا ہے کہ اسے کسی مرد نے نہیں بلکہ ایک لڑکی نے جنسی استحصال کا شکار کیا۔ وہ لکھتی ہے کہ ”اس وقت میری عمر محض 6سال تھی جب ہمارے ایک فیملی فرینڈ کی بیٹی کے ساتھ میں نے بستر شیئر کیا۔ وہ ہمارے گھر آئے تھے اور میں اس لڑکی کے ساتھ سو گئی۔ پھر اس نے میرے ساتھ جو کیا وہ آج بھی میرے لیے ایک خوفناک خواب جیسا ہے۔ اس کے بعد بھی اس لڑکی نے کئی مواقع پر، کبھی ہم ان کے گھر جاتے یا وہ ہمارے گھر آتے تو اس نے میرے ساتھ یہی کچھ کیا۔ یہ بات میں نے اگلے 6سال تک اپنے ماں باپ سے چھپائے رکھی مگر میں خود کو ہی غلط سمجھتی تھی چنانچہ مجھ میں ہمت نہ ہوتی تھی کہ انہیں بتاﺅں۔ بالآخر میں نے 12سال کی عمر میں پہنچ کر اپنے والدین کو اس واقعے کے متعلق بتایا۔اس کے بعد میرے والدین نے اس فیملی فرینڈ سے اس واقعے کے حوالے سے تو کوئی بات نہ کی مگر ان کے ساتھ تعلق منقطع کرلیا۔“