ممبئی: بالی ووڈ کے متنازع اداکار کمال راشد خان نے ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال نہ کیے جانے پر خود کشی کی دھمکی دے دی۔
بالی ووڈ کے بدنام اور متنازعہ اداکار کمال آر خان آئے روز سوشل میڈیا پر فلموں اور اداکاروں کے متعلق اپنے خود ساختہ تجزیوں اور تبصروں کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل انہوں نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘کے کلائمکس سےمتعلق منفی اورطنزیہ اندازمیں تبصرہ کیا تھا۔ فلم سے متعلق ہرزہ سرائی کرنے پرعامر خان نے ان کے خلاف شکایت کی تھی جس کے نتیجے میں ان کا ٹوئٹراکاؤنٹ معطل کردیا گیا تھا۔ اکاؤنٹ معطل ہونے پر کے آر کے بہت زیادہ سیخ پا ہوئے تھےاور ٹوئٹر انتظامیہ سے اکاؤنٹ بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان کے مطالبے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ لہٰذا کے آر کے نے اپنے دوسرے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ پہلے تو ٹوئٹر انتظامیہ نے ان پر لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد کردیا اور پھراچانک اکاؤنٹ بند کر دیا۔ ٹوئٹرانتظامیہ نے ان کے ساتھ دھوکا کیا ہے جس کی وجہ سے وہ سخت ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ کے آر کے نے ٹوئٹرانڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ 15 دن کے اندر اندر بحال کیا جائے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو میں خودکشی کر لوں گا اور میری موت کے ذمے دار یہ تمام لوگ ہوں گے۔