اسلام آباد:وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی زیر صدارت بدھ کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔تین گھنٹے سے زائدجاری رہنے والے اجلاس میں چیف منسٹرزسکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت کیے گئے اقدامات پر پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس کے شرکاء نے سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدر آمداور پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیااوراس ضمن میں پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ پنجاب حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر ڈیڑھ لاکھ سے زائدباصلاحیت اورقابل اساتذہ بھرتی کیے ہیں ۔رواں سال مزید 80ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل شروع کردیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ میرٹکی بنیاد پر بھرتی ہونیوالے باصلاحیت اورقابل اساتذہ کو نتائج بھی دینا ہیں ۔ سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام اور ٹیبلٹس کی فراہمی کے پروگرام کے بھی خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔پنجاب حکومت کے ان اقدامات سے قوم کے نونہال جدید علوم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں طلبہ کی داخلہ کی شرح بڑھانے کیلئے انقلابی ایکشن پلان پر عملدر آمد جاری ہے ۔سکول جانیوالے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترسہولیات فراہم کرکے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں لایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بہتری لانے کےحوالے سے عوام کوآگاہ کرنے کیلئے ہاٹ لائن پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ابتدائی طورپر یہ منصوبہ بہاولپور اورلاہور میں شروع کیاگیا ہے۔ منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے پنجاب بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن سٹینڈر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے اساتذہ کی تدریسی صلاحیت اورقابلیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔اچھی کارکردگی پر اساتذہ کو انعامات بھی دئیے جائیں گے جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی بازپرس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری پہلی ترجیح ہے اوراس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔