گجرات (انور شیخ )وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے زراعت کے فروغ اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے 100ارب روپے کے کسان پیکج سے استفادہ اور اس حوالے سے کسانوں کی تجاویز جاننے کیلئے کسان کنونشن ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ایم این اے چوہدری جعفر اقبال نے کی، اسسٹنٹ کمشنر نورالعین، ای ڈی او زراعت محمد جمیل، ڈی او زراعت توسیع محمد رفیق تارڑ، ڈی ڈی او سید سجاد حسین بخاری ، ممتاز سماجی شخصیت چوہدری نصراللہ وڑائچ، چوہدری علی احمد طاہراور بڑی تعداد میں ضلع بھر کے کسانوں نے شرکت کی۔کنونشن میں کسانوں کے نمائندگان ممتاز احمد، طارق عالم، چوہدری اکرم، چوہدری امین طارق، ظہیر عباس، عامر ظہور و دیگر نے تجاویز پیش کیں کی حکومت کسانوں کو سستی کھادیں ، بیج فراہم کرے، ٹیوب ویل چلانے کے لئے سولر سسٹم دیے جائیں، جانوروں کی ادویات ، کھل بنولہ کی مصنوعی مہنگائی پر کنٹرول کیا جائے، کسانوں کو ٹریکٹر اور دیگر زرعی آلات کی خریداری کے لئے بلا سود قرضے دیے جائیں ، زرعی پیداوار کی بہتر مارکیٹنگ، پیداواری مقابلوں کا انعقادکیا جائے، کھادوں، زرعی ادویات پر ٹیکسز ختم اور جعلسازی کا سختی سے خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ کسانوں نے تجویز دی کہ جن علاقوں میں نہریں موجود ہیں وہاں پختہ کھالے بنائے جائیں ۔ کنونشن میں تجویز پیش کی گئی کہ پیداوار کے لحاظ سے یونین کونسل سطح پر صنعتی یونٹس لگائے جائیں نیز زرعی چیمبرکا قیام اور کسانوں کے وفود دیگر ممالک میں بھجوائے جائیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ کسانوں کی طرف سے پیش کی جانیوالی تجاویز سے حکومت سے حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت کسانوں کو مقررہ قیمتوں پر کھادیں ، ادویات اور دیگر آلات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ زراعت کے افسران کو واضع ہدایات ہیں۔ ڈی سی او نے کہا کہ مویشی پال حضرات جانور بیمار ہونے کی صورت میں لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 08009211پر کال کرکے خدمات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27سے 29مارچ تک جشن بہاران نمائش کے دوران جدید زرعی آلات کی نمائش بھی لگائی جائے گی کسان بھائی وہاں لگی جدید مشینری کو دیکھیں اور اس سے استفادہ کریں۔ ایم این اے چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم کسان پیکج کے بعد وزیر اعلی پنجاب کی طر ف سے 100ارب روپے کا زرعی پیکج حکومت کی طرف سے کسانوں کے لئے تحفہ اور زرعی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے رواں مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا تھا ، اس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں اور جلد 30ہزار سولر سسٹم ملک بھر کے کسانوں کو دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کسان کمشن بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں چھوٹے زمیندار شامل ہوں گے اور یہ کمشن زرعی پیداوار کے ریٹس مقرر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیگر ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ ملکر زرعی چیمبرکے قیام کے لئے کوشاں ہیں اور جلد یہ خواب حقیقت میں بدل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے کسان کنونشن میں سامنے آنیوالی تجاویز نہایت اہم ہیں اور حکومت ان پر عمل کرے گی۔ اس سے قبل کسانوں نے تاریخی پیکج دینے اور اس حولے سے تجاویز لینے پرپر وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور حکومت پنجاب کو زبردست سراہا۔