گنے کی مقررہ قیمت نہ ملنے پر نواب شاہ میں قومی شاہراہ پر گنے کے کاشت کاروں کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔ کراچی سے پنجاب ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہورہی ہے۔
شوگرملوں میں کرشنگ سیزن شروع نہ ہونے اور سرکاری نرخوں پر گنے کی خریداری نہ ہونے پر نوابشاہ میں کاشت کاروں کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے جبکہ رحیم یار خان میں ریلوے ٹریک پر کسانوں کا دھرنا ختم ہوگیا جس کے بعد مختلف مقامات پر رکی ہوئی ٹرینیں اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئیں۔
نواب شاہ میں شاہ پور جہانیاں کے قریب قومی شاہراہ پر گنے کے کاشت کاروں نے دھرنا دے رکھا ہے۔ جس کے باعث سندھ سے پنجاب آنے اور جانے والی ٹریفک شدید متاثر ہے۔ اُدھر رحیم یار خان میں گنے کے کاشتکاروں نے چوہدری شوگر مل کی بحالی کے لئے ریلوے ٹریک پر احتجاج کیا۔ ترنڈہ سوائے خان میں کسانوں کے احتجاج کے باعث ریلوے ٹریک بند تھا، جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر ٹرینوں کو روک لیا گیا تھا تاہم مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی پر کسانوں نے دھرنا ختم کردیا۔