اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قانون سینیٹر فروغ نسیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر قانون کا استعفیٰ سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن کو معطل کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں فروغ نسیم کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق وفاقی وزیر قانون کل سپریم کورٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پیش ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر فروغ نسیم کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے جو 19 اگست 2019 کو جاری کیا گیا تھا اور اس کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو 3 سال کی توسیع دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعظم کو تو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار ہی نہیں یہ تو صدر مملکت کا استحقاق ہے۔ اس کے بعد یہ خبر سامنے آئی کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے سلسلے میں تمام لوازمات پورے نہ ہونے پر وزیر قانون پر برس پڑے۔
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوا تو کابینہ کے ایجنڈے پر بات کرنے کے بجائے سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا معاملہ زیر بحث آگیا۔ تاہم فروغ نسیم نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں آج کے کابینہ کے اجلاس میں نہیں گیا، وزیراعظم نے مجھ پر برہمی کا کوئی اظہار نہیں کیا‘۔