اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے اگر جنوبی سندھ صوبہ بنانے کا فیصلہ کیا تو ہمیں پھر کوئی نہیں روک سکتا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے فلور پر مراد علی شاہ نے مہاجروں کی دل آزاری کی، وزیر اعلیٰ کی سندھ اسمبلی میں تقریر کی مذمت کرتے ہیں، پوری مہاجر کمیونٹی پر نفرت اور تعصب انگیز انداز میں لعنت بھیجی گئی جس پر سندھ کے شہروں میں اشتعال اور شدید ردعمل پایا جاتا ہے تاہم ایم کیو ایم کے کارکنان کو صبر کی تلقین کر رہے ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہیٹ ویو کا اثر براہ راست مراد علی شاہ کے دماغ پر ہوا ہے، مراد علی شاہ کے اباؤ اجداد نے قیام پاکستان کی مخالفت کی جب کہ مہاجر صوبے کا بیج پاکستان پیپلز پارٹی نے بویا،1972 میں زبان اور کوٹہ سسٹم بل سے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھی گئی جب کہ آج کراچی کی زمینوں اور وسائل پر لوٹ مار کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اگر جنوبی سندھ صوبہ بنانے کا فیصلہ کیا تو ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، مراد علی شاہ شر انگیز جملوں پرمہاجروں سے 48 گھنٹے میں معافی مانگیں ورنہ نماز تراویح کے بعد احتجاج کریں گے۔