جرمنی (روحی بانو) جرمنی میں قائم اردو زبان و ادب کی خدمت میں سر گرم عمل تنظیم اردو انجمن برلن نے عظیم افسانہ نگار عصمت چغتائی اور راجندر سنگھ بیدی کی صد سالہ سالگرہ پر ایک خوبصورت تقریب پالاسٹ (محل) نامی عمارت میں منعقد کی۔جس میں ہندوستان اور پاکستانی اہل قلم کے ساتھ ساتھ جرمن دانشواروں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔
اس موقع پر لندن سے تشریف لانے والی معروف شاعرہ محترمہ فرزانہ فرحت کو انکی خدادا شاعرانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں اردو انجمن کی اعزازی شیلڈ سے سرفراز کیا گیا ۔فرزانہ فرحت کے دو شعری مجموعے ’’بدلتی شام کے سائے ‘‘اور خواب خواب زندگی ‘‘دبستان ادب کی زینت بن چکے یں ۔اور ان مجموعہ کلام کی بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ہو چکی ہے ۔انکی شاعری میں زندگی کا ہر رنگ ملتا ہےْ ملکی حالات، حالاتِ حاضرہ ،معاشی بدحالی معاشرتی عدم استحکام ،قدرتی مناظر، بدلتے موسموں کے سبھی رنگ اور انسانی لطیف جذبات احساس کی ترجمانی انکی شاعری کا خاصہ ہے ۔جبکہ خواب انکی شاعری کا استعارا ہے۔
انکی کتاب ’’خواب خواب زندگی‘‘ کی ہر غزل اور نظم میں خواب کا ذکرکسی نہ کسی رنگ میں نظر آتا ہے ۔فرزانہ فرحت شاعرہ ہونے کے ساتھ ساتھ اردو زبان و ادب کی خدمت میں بھی سرگرم عمل ہیں ۔اور لندن سے جاری ہونے والے ادبی علمی جریدہ ’’شمس میگ‘‘کی مدیر اعلی کی حیثیت سے فروغ اردو ادب میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں ۔وہ مختلف بین الاقوامی سیمینار اور کانفرنسسزاور مشاعروں میں شرکت کر چکی ہیں۔