ٹوکیو: سونی کارپوریشن نے دنیا کی سب سے تیز رفتار ایس ڈی میموری پیش کردی ہے جس سے 300 میگا بائٹس فی سیکنڈ کی زبردست رفتار پر ڈیٹا پڑھا جاسکتا ہے جب کہ اس پر ڈیٹا لکھنے کی رفتار 299 میگا بائٹس فی سیکنڈ بتائی جارہی ہے۔
یہ میموری کارڈز جنہیں ایس ایف جی ایس ڈی کارڈز کا نام دیا گیا ہے 32 جی بی، 64 جی بی اور 128 جی بی کی گنجائش میں دستیاب ہوں گے لیکن فی الحال ان کی قیمت کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے البتہ یہ اس سال اپریل تک فروخت کے لیے جاری کردیئے جائیں گے۔
ان میموری کارڈز کو ’’الٹرا ہائی اسپیڈ ٹو‘‘ معیار کے مطابق بنایا گیا ہے جس کے تحت کسی میموری کارڈ میں ڈیٹا ٹرانسفر کی رفتار 312 میگا بائٹس فی سیکنڈ ہوتی ہے اور اگر ڈیٹا ریڈ/ رائٹ (ڈیٹا پڑھنے اور لکھنے) کے کام ایک ساتھ کیے جائیں تو پھر ہر ایک عمل کی انفرادی رفتار 156 میگا بائٹس فی سیکنڈ ہونی چاہیے۔
اس وقت 256 جی بی کی ایس ڈی میموریز دستیاب ہیں جب کہ یو ایس بی اسٹوریج ڈرائیوز کی گنجائش ٹیرا بائٹس میں ہوچکی ہے لیکن سونی کا کہنا ہے کہ ابھی اس کی توجہ ڈیٹا ٹرانسفر ریٹ برقرار رکھنے پر ہے اور گنجائش میں اضافے پر بعد میں کام کیا جائے گا۔