اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سنئیر مرکزی رہنما جہانگیر ترین اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری فواد حسین سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین نے مرکزی سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق خان صاحب سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں تحریک انصاف کی قیادت نے سردار اظہر طارق خان اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ تفصیلات کے مطابق سردار اظہر طارق خان کے والد محترم اتوار اور سوموار کی درمیانی شب انتقال کر گئے۔ ان کی نمازہ جنازہ ایچ ایٹ قبرستان میں ادا کی گئی جس میں تحریک انصاف کے قائدین و اراکین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم کو اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر عامر محمود کیانی کے ہمراہ سردار اظہر طارق سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور والد محترم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ مرحوم کی رسمِ قل بدھ کے روز شام پانچ بجے ایف الیون مرکز کی جامع مسجد میں ادا کی جائے گی۔