اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے شکر گڑھ ورکنگ باؤنڈری پر غلطی سے سرحد پار کرنے والے شہری امانت علی کے بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں وحشیانہ قتل پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔
بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستانی شہری امانت علی کے قتل پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی حکومت کی طرف سے احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے بھارتی فورسز کی جارحیت پر مبنی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانی شہری امانت علی غیرمسلح تھا اور غلطی سے سرحدی علاقے میں چلا گیا۔ بھارت عام شہریوں کی جانوں کا خیال کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا بھارت آئندہ اشتعال انگیز کارروائیوں سے گریز کرے۔ امانت علی کو جمعہ کے روز شکر گڑھ ورکنگ باؤنڈی پر بی ایس ایف کے اہلکارروں نے فائرنگ اور بہیمانہ تشدد کر کے قتل کیا اور لاش رینجرز کے حوالے کی تھی۔