لاہور: قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں فواد عالم نے سنچری داغ کر سلیکٹرز کو اپنی یاد دلا دی۔
پی سی بی کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے مرحلے کے دلچسپ مقابلے گزشتہ روز بھی جاری رہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آل راؤنڈر فواد عالم کی شاندار سنچری نے سوئی سدرن گیس کی لاہور بلوز کے خلاف پوزیشن خاصی مستحکم بنادی، لاہور بلوزکے291 رنز کے جواب میں سوئی سدرن گیس نے 6 وکٹوں پر 355 کا بڑا مجموعہ تشکیل دے دیا، فواد عالم نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور 157 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، عامر یامین 72 اور زین عباس 46 رنز کیساتھ نمایاں رہے، بلاول اقبال نے3 وکٹیں لیں۔
ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں واپڈا نے دوسرے ہی دن اسلام آباد کیخلاف 6 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی، واپڈاکو میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کیلیے صرف 143 رنز درکار تھے جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورے کرلیے، سلمان بٹ نے62 رنز بنانے میںکامیاب رہے، عامر سجاد 43 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے پہلے اسلام آباد کی ٹیم پہلے اننگز میں 81 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی محض 177 رنز پر ہمت ہاربیٹھی تھی، محمد آصف نے 6 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاورکے 264 رنزکے جواب میں نیشنل بینک کی ٹیم پہلی اننگز میں 254رنز بنائے میں کامیاب رہی، رمیز راجہ نے150 رنزبنائے، علی اسد نے 63 کی اننگز کھیلی، عمران خان سینئر نے 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، اسراراللہ نے3 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور نے دوسری اننگز میں3 وکٹوں پر 187 رنز بنائے ہیں۔ صاحبزادہ فرحان نے51رنزبنائے۔جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں یو بی ایل کے خلاف فاٹا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ فالو آن کا شکار فاٹا کو یو بی ایل کی پہلی اننگز 361رنز کا خسارہ پورا کرنے کیلیے ابھی مزید 168 رنز کی ضرورت ہے اور اس کے دوسری اننگز کی صرف 7 وکٹیں باقی بچی ہیں۔
گزشتہ روز فاٹا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 143 رنز پر ہمت ہار کر فالو آن کا شکار ہو گئی، ثمین گل نے5اور سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فاٹا نے دوسری اننگزمیں 3 وکٹوں پر 51 رنز بنائے ہیں۔ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں ایچ بی ایل اور لاہور وائٹس کے درمیان میچ بھی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، لاہور وائٹس کو میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کیلیے مزید 150 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی دوسری اننگز کی 9 وکٹیں باقی بچی ہیں۔
ایچ بی ایل کے 194 رنز کے جواب میں لاہور وائٹس کی ٹیم صرف 71 رنز پر پویلین لوٹ گئی،دوسری اننگز میں ایچ بی ایل کی ٹیم کے بیٹسمین بھی کھل کر بیٹنگ کے جوہر نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 98 رنز پر ہمت ہار گئی، فضل سبحان 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمید آصف نے6 وکٹیں لیں، لاہور وائٹس نے ایک وکٹ پر 72 رنز بنائے ہیں۔
یو بی ایل گراؤنڈ ون کراچی میں کے آر ایل اور کراچی وائٹس کے درمیان مقابلہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا،کراچی وائٹس کو میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کیلیے مزید225 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی دوسری اننگز کی8وکٹیں باقی ہیں۔
کے آر ایل کے245رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی وائٹس کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف101 رنز پر پویلین لوٹ گئی، فراز علی45 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے، علی شفیق نے5کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ صدف حسین نے3 وکٹیں حاصل کیں، کے آر ایل ٹیم کے بیٹسمین دوسری اننگز میں جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 97 رنز پر ہمت ہار گئی، کراچی وائٹس نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر16رنز بنائے ہیں۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سوئی ناردرن گیس کے241 رنز کے جواب میں فیصل آباد کی ٹیم صرف 173 رنز پر ہمت ہار گئی، آصف علی 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عمران خالد نے4 اور بلاول بھٹی نے 3 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا، سوئی ناردرن گیس نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان پر 25 رنز بنائے ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی کے 251 رنز پر پی ٹی وی نے جوابی اننگز میں 9 وکٹوں پر 251 رنز بناکر حساب چکتا کرلیا، تیمور خان 69رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں، عطا اللہ نے 6کھلاڑیوں کومیدان بدر کیا۔