اسلام آباد: معروف تجزیہ کار صابر شاکر نے فیاض الحسن چوہان کے استعفے کے بعد نیا دعویٰ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صابر شاکر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ بالآخر پارٹی ورکر فیاض چوہان کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ وہ کافی عرصے سے ریڈار پر تھے۔ بس مناسب موقع کا انتظار تھا۔ انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان بے باک ترجمان تھے۔ اُن کا تعلق پولیٹیکل ایلیٹ سے نہیں تھا۔ فواد چودھری بھی بدستور سرجیکل اسٹرائیک کے بھنور میں ہیں۔ دیکھئے کابینہ میں مزید اکھاڑ پچھاڑ کب ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی تبدیلی کی خبریں اسلام آباد میں گردش کر رہی تھیں۔ جب سے نئی حکومت آئی ہے تب سے میڈیا ہاؤسز غیرمعمولی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس وقت میڈیا ہاؤسز کافی مشکلات کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کو بھی ان حالات کا ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے۔ یہ بھی اطلاعات تھیں کہ وزیراعظم عمران خان بھی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کی کارکردگی سے ناخوش اوریہ محسوس کرتے ہیں کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری ٹھیک طریقے سے حکومت کی ترجمانی نہیں کر پائے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں فواد چودھری اور نعیم الحق کے مابین لفظی جنگ کی خبریں بھی سامنھے آئی تھیں جس پر دونوں رہنماؤں کی جانب سے لفظی گولہ باری کی گئی۔ گذشتہ ماہ وزارت اطلاعات کے تحت میڈیا اور تنازعات پر منعقدکی جانے والی بین الاقومی کانفرنس سے فواد چودھری کے بیان کو کو عین وقت پر منسوخ کر دیا گیا تھا جس کے بعد کچھ لوگ خطاب کی منسوخی ان کی تبدیلی سے بھی جوڑ رہے تھے۔