ممبئی : بھارتی فلم انڈسٹری میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی اداکارفواد خان بالی ووڈ کے کامیاب ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ’’کپور اینڈ سنز‘‘ میں بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گے تاہم انہوں نے فلم کی ہیروئن عالیہ بھٹ کے ساتھ بوس وکنارکا سین پکچرائز کرنے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے فلم کااسکرپٹ تبدیل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن جوہر کی نئی فلم ’’کپور اینڈ سنز ‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے، فلم کی کہانی پیار و محبت کے گرد گھومتی ہے تاہم فلم کے ہیرو فواد خان نے عالیہ بھٹ کے ساتھ کسی بھی قسم کا بوس وکنار کا سین پکچرائز کرانے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے ہدایت کار کرن جو کو فلم کا اسکرپٹ تبدیل کرنا پڑا۔
فواد خان کا کہنا تھا کہ فلم میں بوس وکنار کا سین پکچرائز کرانا ان کے چاہنے والوں اورتہذیب کے خلاف ہے اور اس کے علاوہ وہ ایک شادی شدہ ہیں اس لئے فلم میں کسی بھی قسم کا جذباتی سین پکچرائز کرانا ان کے اصولوں کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ فواد خان نے بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز گزشتہ سال فلم’’خوبصورت‘‘ سے کیا جس میں ان کے مقابل انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور نے مرکزی کردار ادا کیا جب کہ فواد پہلے پاکستانی اداکارہیں جنہوں نے ’’بیسٹ میل ڈیبیو‘‘ کا فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کیا۔